ولایت امیرالمومنین کے اثبات کی راہ میں دختر رسول(ص)نے نبی اکرم کے اصحاب و انصار کے درمیان اپنے فرزند حسن و حسین علیہم السّلام کے مخصوص مقام و منزلت سے بھی استفادہ کیا ۔ حسنین(ع)کے ساتھ نبی اکرم(ص)کی محبتوں کے مناظر لوگوں کی نگاہوں کے سامنے تھے اور انہوں نے نبی(ص)کی زبانی سنا تھا کہ " حسن و حسین جوانان جنت کے سردار ہیں " گھر میں بیٹھے رہیں یا میدان میں نکل آئیں ہرحال میں دونوں امام ہیں، یہی نہیں بلکہ مباہلہ اور بیعت رضوان کی مانند اہم واقعوں میں بھی رسول اسلام(ص)نے ان کے نمایاں مقام و منزلت کا تعارف کرا دیا تھا لہذا معصومۂ عالم نے کئی تاریخی موقعوں پر ان کے وجود سے استفادہ کیا اور اپنی مہم میں ان کو اپنے ساتھ لے کر گئیں ۔ واقعۂ ثقیفہ کے بعد، مسلسل چار دن، حضرت علی(ع)کے حق کی حمایت میں مہاجرین و انصار کے دروازوں پر حسن و حسین(ع)کے ساتھ گئیں اور انہیں امیرالمومنین کی حمایت و مدد کی دعوت دی ۔ جب علی(ع)پر ہجوم کیا گیا تو ان کی حمایت کے لئے مسجد کے دروازہ تک گئیں اور سختی سے علی کےحق کی حمایت کی اس وقت بھی حسن و حسین(ع)ماں کی انگلی پکڑے ساتھ ساتھ تھے ۔ قبر رسول(ص)اور بقیع پر گریے کے لئے جاتیں تو بھی حسنین کو ساتھ لے کر جاتی تھیں ۔